داعش کا سربراہ ترکی میں گرفتار

انقرہ: (کوہ نورنیوز،ویب ڈیسک) ترک سیکورٹی فورسز نے استنبول میں ایک چھاپے کے دوران دہشتگرد تنظیم داعش کے سربراہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق سینیئر حکام نے بلومبرگ کو بتایا کہ انسداد دہشت گردی کے افسران اور انٹیلی جنس نے ابو حسن الہاشمی القریشی کو گرفتار کیا ہے۔ سیکورٹی حکام نے بتایا کہ ابو حسن کو ایک گھر کی طویل نگرانی کے بعد پکڑا گیا جس میں وہ مقیم تھا۔ تاہم حکام نے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ ابو حسن الہاشمی داعش کے پہلے لیڈر ابوبکر البغدادی کا بھائی ہے، جس نے 2014 میں موصل میں نام نہاد ’خلافت‘ کا اعلان کیا تھا۔ رواں سال فروری میں شام میں امریکی آپریشن کے دوران سابق سربراہ ابو ابراہیم القریشی کی ہلاکت کے بعد ابو حسن الہاشمی القریشی، جس کا اصل نام جمعہ عواد البدری ہے، نے داعش کی قیادت سنبھالی تھی۔