وفاقی حکومت کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد: (کوہ نورنیوز) وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں شرکت پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) محمود خان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے وفاق پر چڑھائی کرکے عہدےکا غیرآئینی استعمال کیا، مسلح پولیس افسران کے ہمراہ وزیراعلیٰ کے پی کی شرکت وفاق پرحملہ ہے۔ رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ کے غیرآئینی اقدام پر ان کےخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیاہے، اس سلسلے میں وزارت قانون سےرائے طلب کرلی ہے، وزارت قانون سے حاصل قانونی رائے پرعمل کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہےکہ خیبرپختونخوا میں تعینات وفاقی سرکاری ملازمین اور پولیس افسران نے پی ٹی آئی کے فتنہ مارچ میں سہولت کاری کی، ان کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ بعض پولیس افسران مسلح ہوکرپی ٹی آئی فتنہ مارچ میں وفاق پر چڑھائی میں ملوث پائےگئے، ایسے افسران کے خلاف اپنے عہدوں کا خلاف قانون استعمال کرنے پرکارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔