مسجد نبوی کی حرمت کا پاس نہ کرنے والوں سے بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع، وزیراعظم

لاہور: (کوہ نورنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کیخلاف زبان درازی پر خواتین سمیت پوری قوم مذمت کرے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ تاریخ کا پہلا شخص ہے جو ایک جماعت کے سربراہ کے طور پر بدتہذیبی کے اس پاتال میں جا گرا ہے، قوم بنانے نکلے تھے اور قوم کے اخلاق کو ہی بگاڑ دیا، انا للّٰہ وانا الیہ راجعون!۔ ایک اور ٹوئٹ میں شہباز شریف کا لکھنا تھا کہ بیٹی مریم نواز شریف کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں، کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے، مسجد نبویﷺ کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔ خیال رہے کہ ملتان جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو۔‘