غلط معلومات پھیلانے سے ریاست کی سالمیت کو بھی خطرہ ہے: آرمی چیف

لاہور: (کوہ نورنیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ غلط معلومات کا پھیلانا رائے سازی کو متاثر کرتا ہے اور ریاست کی سالمیت کیلئے بھی خطرہ ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں لاہور کور کی فارمیشن کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف سے لمز، ایف سی یو، یو ای ٹی ، ایل ایس ای ، پی یو، جی سی یو کی فیکلٹی اور طلبہ نے ملاقات کی۔ فیکلٹی ارکان اور طلبہ نے آرمی چیف سے سیشن کے دوران سوالات بھی کیے۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مستقبل کی قیادت اور مفید شہری بنانے پر معروف تعلیمی اداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر اور ماحولیات میں انسانی ترقی کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ مذموم مفادات کیلئے غلط معلومات کا پھیلانا غلط تاثر کو جنم دیتا ہے، مذموم مفادات کیلئے غلط معلومات کا پھیلانا معاشرے میں ہم آہنگی اور ریاست کی سالمیت کیلئے بھی خطرہ ہے اور دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے متحد رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بہت زیادہ ذہین اور محنتی ہیں، پاکستانی نوجوان موقع اور ماحول ملنے پر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔