پی ایس ایل7:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا زلمی کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف

کراچی: (کوہ نورنیوز،ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف دے دیا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 190 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور اوپنرز احسن علی اور وِل اسمیڈ کے درمیان 155 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔ تاہم کوئٹہ کو پہلا نقصان احسن علی کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 46 گیندوں پر 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن دوسری طرف سے وِ ل نے شاندار بیٹنگ کو جاری رکھا لیکن وہ میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے اور اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔ انہوں نے 62 گیندوں پر 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔