ممبئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو شکست، بھارت نے سیریز ایک صفر سے اپنے نام کرلی

ممبئی: (کوہ نورنیوز) بھارت نے نیوزی لینڈ کو ممبئی ٹیسٹ میں 372 رنز سے ہرا کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک صفر سے اپنے نام کر لی، میانک اگروال میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی۔ پہلی اننگز میں اوپنر میانک اگروال کی شاندار سنچری کی بدولت بھارتی ٹیم 325 رنز بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کے لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل کی ریکارڈ ساز پرفارمنس نے میچ کو یادگار بنا دیا۔ اعجاز پٹیل ایک اننگز میں 10 وکٹیں لینے والے پہلے کیوی اور جِم لیکر اور انیل کمبلے کے بعد دنیا تیسرے بولر بن گئے۔ کیویز بلے بازوں نے اعجاز پٹیل کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ پہلی اننگز میں محض 62 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ دوسری اننگز میں بھارتی ٹیم نے 276 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ 539 رنز کا پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بلیک کیپس 167 رنز ہی بنا سکے۔ بھارت نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک صفر سے اپنے نام کرلی۔ 42 پوائنٹس کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارت نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔