ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، حسن مرتضیٰ کو انتخابی مہم میں حصہ لینے سے روک دیا

لاہور: (کوہ نورنیوز) الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقے این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ کو انتخابی مہم میں حصہ لینے سے روک دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیکفیشن میں کہا گیا کہ حسن مرتضی کا جواب غیر تسلی بخش ہے، آپ کو وارننگ دی جاتی ہے کہ کسی بھی صورت انتخابی مہم میں حصہ نہ لیں۔ خیال رہے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ حسن مرتضی نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے روبرو پیش ہو کر جواب جمع کرایا اور بیان حلفی بھی دیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ نے حسن مرتضی کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق کوئی رکن اسمبلی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا۔