انجینئر کے گھر کے پائپ سے کرنسی نوٹ پانی کی طرح بہنے لگے

نئی دہلی: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) بھارت سے ایک انوکھی خبر نے سب کو ششدر کر ڈالا ہے جہاں پر ایک انجینئر کے گھر کے پائپ سے کرنسی نوٹ پانی کی طرح بہنے لگے، ویڈیو دیکھ کر عوام حیران رہ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں کرپٹ اہلکاروں اورافسروں کے خلاف جاری اینٹی کرپشن مہم کے دوران محکمہ اینٹی کرپشن بیورو نے کرناٹک کے شہروں منگلورو، بنگلورو اور منڈیا میں مختلف محکموں کے 15 افسروں کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارے۔ اس مہم میں 8 ایس پیز، 100 افسروں اور 300 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے اہلکاروں نے خفیہ شکایت پر پی ڈبلیو ڈی کے جونیئر انجینئرسنت گوڑا کے گھر واقع کالا برجی شہر بنگلورو چھاپا مارا تھا۔ رشوت کی رقم تلاش کرنے پر بھی نہیں ملی لیکن ایک پائپ کو جو ذرا کھسکا نظر آرہا تھا، ہلایا تو نوٹوں کی بارش شروع ہوگئی۔ اینٹی کرپشن بیورو کے اہلکاروں نے پائپ سے 13 لاکھ روپے کے کرنسی نوٹ برآمد کئے جبکہ گھر سے برآمد ہونے والی رقم 54 لاکھ بتائی جارہی ہے۔ جونیئرانجینئرکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔