ہمیں سپریم کورٹ اور چیف جسٹس آف پاکستان پر فخر ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمیں سپریم کورٹ اور چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد پر فخر ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے معروف قانون دان ابو زر سلمان خان نیازی کے ٹویٹ کا حوالہ بھی دیا۔ ابوزر سلمان نے ٹویٹر پر لکھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ایک ماہ میں کرک میں ہندو مندر نذر آتش کا معاملہ حل کیا، چیف جسٹس نے ملوث ملزمان سے 3 کروڑ 30 لاکھ روپے کی وصولی کا حکم دیا ، چیف جسٹس نےفیصلہ دیا اقلیتی ہندو برادری اپنا مندر دوبارہ تعمیر کروا سکتی ہے، پاکستانی عدلیہ بہترین ہے۔ اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے لکھا کہ ہمیں سپریم کورٹ اور چیف جسٹس پاکستان پر فخر ہے. ہمسایہ ملک کی عدالتیں نفرت پھیلانے والوں اور انتہا پسندوں کے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہیں۔ عدالتیں انسانی حقوق کے نفاذ کے نئے معیارات قائم کر رہی ہیں۔