بیٹے کی پیدائش قبل ازوقت، آئی سی یو میں زیرعلاج ہے: بختاور بھٹو

لاہور: (کوہ نور نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو نے کہاہے کہ بیٹے کی آمد 8 نومبر کو متوقع تھی لیکن اس نے 10 اکتوبر کو دنیا میں آکر ہم سب کو حیران کردیاہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے بتایاکہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش وقت سے تقریبا ایک ماہ پہلے ہوئی ہے جس کے باعث نومولود کو طبی مسائل کے پیشِ نظر بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا ہے۔ بختاور بھٹو نے کہا کہ بیٹے کی پیدائش پر آپ سب کی محبتوں اور چاہتوں کا شکریہ۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بیٹا فی الحال این آئی سی یو میں ہے لیکن رو بہ صحت ہے، اسے اپنی دعاﺅں میں یاد رکھیں۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کے ہاں 11 اکتوبر کو بیٹے کی ولادت ہوئی تھی۔