شاہ رخ خان کا بیٹا ہونے کی وجہ سے آریان کو نشانہ بنایا جارہا ہے، شتروگھن سنہا

ممبئی: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار اور سیاستدان شتروگھن سنہا کا کہنا ہے کہ آریان خان کو اس لیے نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ وہ شاہ رخ خان کا بیٹا ہے۔ منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کے حق میں بلند ہونے والی آوازوں میں اب بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار اور سیاستدان شتروگھن سنہا کی آواز بھی شامل ہوگئی ہے۔ انہوں نے شاہ رخ خان کے اس مشکل وقت میں ان کی سپورٹ کرکے کنگ خان کو نہ صرف اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے بلکہ ان فنکاروں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے جو شاہ رخ خان کے لیے آواز بلند نہیں کررہے۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران شتروگھن سنہا نے کہا آریان خان کو شاہ رخ خان کا بیٹا ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے بالی ووڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا انڈسٹری سے وابستہ لوگ شاہ رخ خان کےلیے متحد ہونے میں وقت لے رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کنگ خان اپنی جنگ خود لڑیں۔ شتروگھن سنہا نے کہا کہ کوئی بھی سامنے نہیں آنا چاہتا۔ ہر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ یہ دوسرے شخص کا معاملہ ہے اور اسے خود ہی معاملے سے نمٹنا چاہیئے۔ وہ چاہتے ہیں کہ کنگ خان اپنی لڑائی خود لڑیں۔ یہ انڈسٹری خوف زدہ لوگوں کا ایک گروپ ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا شاہ رخ خان کو ان کے مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا جارہا ہے؟ تو شتروگھن سنہا نے کہا ہم نہیں کہہ سکتے کہ ان کا مذہب ان کے راستے میں آرہا ہے، لیکن کچھ لوگوں نے اب اس موضوع کو استعمال کرنا شروع کردیا ہے جوکہ بالکل درست نہیں ہے۔کوئی بھی شخص جو ہندوستانی ہے وہ ہندوستان کا بیٹا ہے اور ہمارے آئین کے مطابق سب برابر ہیں۔ شتروگھن سنہا نے مزید کہا یقینی طور پر آریان خان کو نشانہ بنانے کی وجہ شاہ رخ خان ہیں۔ حالانکہ اس کیس میں مزید نام بھی سامنے آئے ہیں جیسے منمن دھامیچا اور ارباز مرچنٹ جنہیں آریان کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا لیکن کوئی بھی ان کے بارے میں بات نہیں کررہا۔ شتروگھن سنہا نے شاہ رخ کے معاملے پر بالی ووڈ کی خاموشی پر بات کرتے ہوئے کہا انڈسٹری شاہ رخ خان کے ساتھ کھڑے ہونے میں وقت لے رہی ہے۔ حالانکہ کئی بالی ووڈ شخصیات نے پہلے دن سے کنگ خان اور ان کے بیٹے کے لیے آوازبلند کی ہے۔ جن میں سلمان خان، ہرتھیک روشن، روینہ ٹنڈن، پوجا بھٹ، سوچیترا کرشنا مورتی، سنیل شیٹھی، میکا سنگھ وغیرہ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 2 اکتوبر کو ممبئی سے گووا جانے والے ایک بحری جہاز پر چھاپہ مارکر منشیات برآمد کی تھی۔ اس جہاز پر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے جنہیں پوچھ تاچھ کے بعد چھاپے کے اگلے روز یعنی 3 اکتوبر کو گرفتار کیا گیاتھا۔ آریان خان اس وقت ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں ہیں۔ ان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔