ڈالر کی اونچی اُڑان کا سلسلہ جاری

کراچی: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی کارروائیوں کے باوجود ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ چند روز قبل برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارے فچ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ آئندہ سال تک امریکی ڈالر 180 روپے کی سطح پر پہنچ جائے گا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 9 پیسے مہنگا ہو گیا، اور قیمت 171 روپے 04 پیسے سے بڑھ کر 171 روپے 13 پیسے ہو گئی ہے۔