بارش آئی ،بجلی گئی، کراچی میں کئی نالے ابل پڑے، سڑکیں بلاک، ٹریفک معطل

کراچی : (کوہ نور نیوز) کراچی میں موسلادھار بارش کے باعث برساتی نالے ابل پڑے، جگہ جگہ ٹریفک جام اور 250 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ تیز بارش کے باعث ضلع وسطی کی متعدد مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ،شاہراہ عثمان پر حیدری مارکیٹ ، ناگن چورنگی اور شاد مان ٹاون کا برساتی نالہ ابل پڑا۔ فور کے چورنگی سے دومنٹ چورنگی تک سڑک کا زیر آب آ گئی، شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو کر رہ گئی۔ ادھر 250 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ہے، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ اولڈ صدر ، لیاری ، کورنگی ، محمود آباد ،ملیر،شاہ فیصل کالونی اورسعود آباد کے علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کی گئی ہے،بارش کے پانی کی نکاسی مکمل ہوتے ہی بجلی بحال کردی جائے گی۔ ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مون سون بارشیں برسانے والا سسٹم داخل ہو گیا ہے، آئندہ تین روز کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔