شہزاد رائے نے ہنزہ سے تعلق رکھنے والے بچوں کو موسیقی کے آلات پہنچا دیے

لاہور: (کوہ نور نیوز) گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے موسیقی کے آلات کے بغیر شاندار بینڈ پرفارمنس دیتے ہوئے ہنزہ سے تعلق رکھنے والے بچوں کو موسیقی کے آلات پہنچا دیے ہیں۔گزشتہ ماہ شہزاد رائے نے سوشل میڈیا پر موسیقی کے آلات کے بغیرشاندار بینڈ پرفارمنس دیتے بچوں کی ویڈیو شیئر کی تھی اور مداحوں سے کہا تھا کہ اگر کوئی یہ بتادے کہ ان بچوں کا تعلق کس علاقے سے ہے؟ تو وہ موسیقی کے آلات ان بچوں کو پہنچادیں گے۔ بدھ کے روز ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے شہزاد رائے نے کہا کہ مشن پورا ہوا،ہنزہ کے ان ٹیلنٹیڈ بچوں کو موسیقی کے آلات پہنچا دیے گئے ہیں۔شہزاد رائے نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی بچوں کی ویڈیو 10 سال قبل ریکارڈ کی گئی تھی اور اب یہ سارے بچے بڑے ہوچکے ہیں ۔ واضح رہے کہ ان پاکستانی بچوں کی ویڈیو کے چرچے سرحد پار بھی پہنچے تھےاور بھارتی فنکار انوپم کھیر نے تبصرہ کرتے ہوئے ان بچوں کو بھارتی قرار دیا تھا جس پر بعد میں انوپم کھیر نے اپنی غلطی تسلیم کرلی تھی۔