12 برسوں سے روزانہ صرف 30 منٹ سونے والا شخص

ٹوکیو: (کوہ نور نیوز،ویب ڈیسک) جاپان میں ایک شخص کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 12 برس سے روزانہ صرف 30 منٹ یعنی آدھے گھنٹے کیلئے ہی سوتے ہیں اور وہ خود کو مکمل صحت مند اور توانا و چست محسوس کرتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈائیسوکے ہوری کی عمر 36 سال ہے ، ان کا کہنا ہے کہ جب سے انھوں نے روزانہ سونے کا وقت کم کر دیا ہے ، تب سے وہ بہ مشکل ہی کبھی تھکن کا شکار ہوتے ہیں۔ہوری جاپان کے شارٹ سلیپر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہیں اور وہ سینکڑوں لوگوں کو سونے کا وقت کم سے کم کرنے کی تکنیک سکھاتے ہیں، اس امید پر کہ وہ بھی ان کی طرح ’زرخیز‘ طرز زندگی اپنا سکیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں بھی غنودگی ہوتی ہے لیکن وہ سونے سے بچنے کیلئے کیفین کا استعمال کرتے ہیں۔ہوری نے بتایا کہ انھوں نے نیند کا دورانیہ کئی برسوں میں بتدریج کم کیا، تاہم لوگ اب بھی مشکل ہی سے یقین کرتے ہیں کہ وہ محض آدھے گھنٹے کی ہی نیند لیتے ہیں۔